حب: لانچ الٹنے کے واقعے میں ایک ماہی گیر کی لاش برآمد، دو کی تلاش جاری
حب: گڈانی کے علاقے کند الانہ گاڈور گوٹھ کے قریب سمندر میں لانچ الٹنے کے واقعے میں 6 افراد ڈوب گئے، جن میں سے 3 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا جبکہ 3 افراد لاپتہ ہوگئے تھے۔
ایدھی بحری خدمات کے رضاکاروں کی جانب سے لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ایدھی بحری رضاکاروں کی بوٹ موقع پر موجود ہے اور سمندر میں مسلسل سرچنگ کی جارہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تلاش کے دوران ایک لاپتہ ماہی گیر شیر محمد کی لاش سمندر سے نکال لی گئی، جسے ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔
مزید دو لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ایدھی بحری ریسکیو سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔ لاپتہ افراد میں دو بھائی عامر اور عبدالسلام بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے ماہی گیر گڈانی کے گوٹھ الانہ گاڈور کنڈ کے رہائشی ہیں اور سمندر میں شکار کے لیے گئے ہوئے تھے کہ لانچ حادثے کا شکار ہوگئی۔
