اوتھل: ڈی ایچ او لسبیلہ کی زیر صدارت EPI کا ماہانہ جائزہ اجلاس، ویکسینیٹرز کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت
DHO Lasbela Dr Fareedullah Shah Hashmi presides over the monthly EPI review meeting with vaccinators in Uthal, emphasizing improved performance and routine immunization awareness.
اوتھل: ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) لسبیلہ، ڈاکٹر فرید اللہ شاہ ہاشمی کی زیر صدارت توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (EPI) کا ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے تمام ویکسینیٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ویکسینیشن پروگرام کی ماہانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فرید اللہ شاہ ہاشمی نے تمام ویکسینیٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں انجام دیں، شہریوں سے رابطہ مہم کو وسعت دیں اور معمول کی حفاظتی ویکسینیشن کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کریں۔
ڈی ایچ او لسبیلہ نے واضح کیا کہ فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ویکسینیٹر کے خلاف شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ اہلکار کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈی ایچ او لسبیلہ، ڈاکٹر قمر رونجہ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے معمول کے حفاظتی ٹیکوں کا کورس بروقت مکمل کروائیں تاکہ انہیں پولیو، خسرہ اور دیگر موذی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام محکمہ صحت کی ویکسینیشن ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ حفاظتی ٹیکہ جات کا پروگرام کامیابی سے جاری رکھا جا سکے اور ہر بچے تک ویکسین کی سہولت پہنچ سکے۔
