حب: امن و امان اور انسداد اسمگلنگ سے متعلق اجلاس، زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ
حب: کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء کی زیرِ صدارت امن و امان اور انسدادِ اسمگلنگ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انتظامی افسران، پولیس، ایف سی، کوسٹ گارڈز، ایکسائز اور اے این ایف حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سندھ بلوچستان سرحدی پٹی پر اسمگلنگ کے روٹس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرکاء نے آر سی ڈی ہائی وے اور کوسٹل ہائی وے پر اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات پر بھی غور کیا۔
اجلاس میں چیک پوسٹوں پر ٹیکنیکل سرویلنس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کی بار بار چیکنگ سے شہریوں کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے ڈیجیٹل سیکیورٹی میکانزم تشکیل دینے پر زور دیا گیا۔
کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے کہا کہ چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکار ایسا رویہ اپنائیں جس سے عوام انہیں اپنا مددگار سمجھیں۔
انہوں نے واٹر ٹینکرز سے مبینہ طور پر رشوت لینے اور انہیں کراچی پار کروانے کی شکایات پر کارروائی کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں کسٹم افسران کی غیرحاضری کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا، جس پر متعلقہ مجاز اتھارٹی کو خط لکھنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
