وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مولانا عبدالواسع سے ملاقات، امن و امان اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو
کوئٹہ، 24 جولائی:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیاسی و سماجی حالات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے سیاسی، سماجی اور مذہبی قیادت کا مثبت اور فعال کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور امن دشمن عناصر کا مقابلہ قومی اتحاد اور مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے، تاکہ صوبے میں دیرپا امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ امن و امان کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ بلوچستان میں ترقی، خوشحالی اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھا جائے گا۔
اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے بھی صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو درپیش مسائل کا مستقل حل باہمی مشاورت، سیاسی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
:::
