کوئٹہ میں پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا اظہارِ افسوس
میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت قومی نقصان ہے، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والے دونوں پائلٹس کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پائلٹس کی شہادت ایک قومی نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا کرے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
