نومبر 3, 2026

بلوچستان میں پہلے تجارتی جھینگا فارمنگ منصوبے کے معاہدے پر دستخط، ایک ارب 11 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوگی

0
cm123

کوئٹہ: بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ڈامب میں صوبے کے پہلے تجارتی جھینگا فارمنگ منصوبے کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت نجی شعبہ ایک ارب 11 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کی موجودگی میں ہاؤس آف کاسب کنسورشیم کے چیف ایگزیکٹو سعد زاہد اور سیکرٹری محکمہ ماہی گیری طارق قمر نے معاہدے پر دستخط کیے۔منصوبے سے 20 سالہ آپریشنل مدت کے دوران حکومت بلوچستان کو 86 کروڑ 60 لاکھ روپے منافع حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ منصوبے میں 100 فیصد ملازمتیں مقامی افراد کو فراہم کی جائیں گی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جھینگا فارمنگ منصوبہ صوبے میں سرمایہ کاری، برآمدات اور آبی زراعت کے شعبے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ساحلی وسائل کو بروئے کار لا کر مقامی آبادی کے لیے روزگار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بلال خان کاکڑ نے کہا کہ ڈامب جھینگا فارمنگ منصوبہ صوبے کی معیشت کے لیے اہم ثابت ہوگا۔منصوبے کو بلوچستان کے ساحلی وسائل سے استفادے، مقامی سطح پر روزگار کی فراہمی اور آبی زراعت کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے