ماتلی شہر میں کیٹی محلے سے ساتویں جماعت کا 13 سالہ طالب علم ماجد شیدی پراسرار طور پر لاپتا
ماتلی (رپورٹ دلمراد کمبوہ) ماتلی شہر میں کیٹی محلے سے ساتویں جماعت کا 13 سالہ طالب علم ماجد شیدی پراسرار طور پر لاپتا ہوگیا۔ بچے کے ورثا نے اغوا کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے اس کی بازیابی کے لیے پریس کلب ماتلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق ماجد شیدی گزشتہ دو روز سے لاپتا ہے جس کی تلاش کے لیے اہل خانہ نے کوششیں کیں تاہم تاحال اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ اس موقع پر لاپتا طالب علم کے والدین ساجد شیدی اور دیگر اہل خانہ نے بتایا کہ ماجد کی گمشدگی کی اطلاع متعلقہ تھانے میں بھی دے دی گئی ہے لیکن تاحال پولیس اسے بازیاب کرانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔اہل خانہ کے مطابق بچے کی گمشدگی کے باعث گھر میں غم و پریشانی کی فضا قائم ہے۔ مظاہرین نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ لاپتا طالب علم ماجد شیدی کی فوری تلاش کرکے اسے بحفاظت بازیاب کرایا جائے اور اہل خانہ کی بے چینی دور کی جائے۔
