بانی پی ٹی آئی کا چیف جسٹس کو خط جھوٹ پر مبنی ہے،چیف جسٹس کو خط پر طارق فضل چوہدری کا ردعمل
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں عائد الزامات کو بے بنیاد، حقائق کے برعکس اور جھوٹ پر مبنی قرار دے دیا۔
پارلیمنٹ چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جیل میں 22 گھنٹے تنہائی میں رکھنے اور طبی سہولیات فراہم نہ کیے جانے کے دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا متعدد مرتبہ طبی معائنہ کرایا جا چکا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ جیل سے باہر کے ڈاکٹر آٹھ مرتبہ بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کر چکے ہیں، جبکہ ان کی صحت کا جائزہ لینے کے لیے بیرون ملک سے بھی ڈاکٹر بلایا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو ان کی پسند کے مطابق کھانا فراہم کیا جاتا ہے اور جیل میں ضروری سہولیات بھی میسر ہیں۔
طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ کتابوں اور ٹیلی ویژن کی عدم دستیابی سمیت طبی سہولیات اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے سے متعلق الزامات بھی درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت، طبی دیکھ بھال اور جیل میں سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے ماضی میں بھی بانی پی ٹی آئی کی دیکھ بھال کے معاملے میں کوئی غفلت نہیں برتی اور آئندہ بھی ان کی صحت اور ضروری سہولیات کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔
