بھارتی ہوٹل کے کمرے سے 41 سالہ امریکی شہری کی لاش برآمد، پولیس کی تحقیقات شروع
ممبئی: بھارتی شہر حیدرآباد کے علاقے گچی باؤلی میں واقع مجی ہوٹل کے ایک کمرے سے 41 سالہ امریکی شہری کی لاش ملنے پر پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق متوفی کی شناخت مچلس برائن لی کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تھا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے موت کی وجوہات اور حالات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔
رپورٹس کے مطابق مچلس برائن لی 2 نومبر کو اپنے کاروباری شراکت دار ڈیوڈ کے ہمراہ کاروباری دورے پر حیدرآباد پہنچا تھا، جہاں دونوں نے مجی ہوٹل میں قیام کیا۔
بتایا جاتا ہے کہ امریکی شہری نے 4 نومبر کی شام سے فون کالز کا جواب دینا بند کردیا تھا۔ اگلے روز 5 نومبر کو شام تقریباً ساڑھے 6 بجے ہوٹل ملازمین نے ماسٹر کی کی مدد سے اس کا کمرہ کھولا تو وہ بستر پر بے ہوشی کی حالت میں پڑا ہوا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہوٹل انتظامیہ نے ایمرجنسی ایمبولینس سروس 108 سے رابطہ کیا۔ طبی عملے نے موقع پر پہنچ کر معائنے کے بعد امریکی شہری کی موت کی تصدیق کردی۔
بعدازاں پولیس نے ہوٹل پہنچ کر جائے وقوع کا معائنہ کیا اور ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا۔
تاحال مچلس برائن لی کی موت کی اصل وجہ سامنے نہیں آسکی، جبکہ پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔
