وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت پشین میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس
کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت ضلع پشین میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین پی اے سی اصغر ترین، اراکین صوبائی اسمبلی سید ظفر آغا اور اسفندیار کاکڑ سمیت ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، کمشنر پشین ڈویژن، ڈی آئی جی پشین، ڈی پی او اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پشین کے قبائلی عمائدین اور علماء کرام بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران شرکاء کو ضلع پشین میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ پشین سمیت صوبے بھر میں عوام کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر داخلہ نے ضلع پشین میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پشین سمیت دیگر علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
