سپاف ضلع بدین کے رہنما شاکر چانڈیو کی جانب سے سانحہ کارساز کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ماتلی کے محمدی چوک پر دعائیہ تقریب منعقد کی گئی
ماتلی: سپاف ضلع بدین کے رہنما شاکر چانڈیو کی جانب سے سانحہ کارساز کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ماتلی کے محمدی چوک پر دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں شہداء کی تصاویر کے سامنے شمعیں روشن کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی، مغفرت اور ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں، منتخب نمائندوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے تنزیلہ ام حبیبہ قمبرانی، پیپلز پارٹی تعلقہ ماتلی کے جنرل سیکریٹری میر حاجن ٹالپر، سینئر نائب صدر تنویر سریوال، پیپلز پارٹی ماتلی سٹی کے صدر و چیئرمین میونسپل کمیٹی ماتلی حاجی رضوان قائمخانی، یوتھ پارلیمنٹ سندھ کے صدر عبدالرحمان ہالیپوتہ، سپاف رہنما شاکر چانڈیو اور سلیم یوسف اڈیجو نے کہا کہ سانحہ کارساز ملکی تاریخ کا ایک اہم اور افسوس ناک واقعہ ہے، جس میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ اس سانحے نے متاثرہ خاندانوں کو گہرے صدمے سے دوچار کیا اور ملک میں جمہوریت و سیاسی جدوجہد کے حوالے سے بھی گہرے اثرات مرتب کیے۔رہنماؤں نے کہا کہ جمہوریت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی جدوجہد کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کے مشن اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔تقریب کے اختتام پر شہداء کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی جبکہ شمعیں روشن کرکے ان کے ساتھ عقیدت اور احترام کا اظہار کیا گیا۔ تقریب کا مقصد شہداء کی یاد تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں امن، جمہوریت، برداشت اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دینا تھا۔
