نومبر 1, 2026

بدین کے قریب آبادگار محمد نواز پرہیاڑ کی زمین پر نجی زرعی کمپنی مڈلینڈ انٹرپرائزز کے زیر اہتمام زمینداروں اور آبادگاروں کو دھان کی بہتر پیداوار دینے والے بیج سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے ایک روزہ سیمینار منعقد کیا گیا

0
mtn-12

ماتلی (رپورٹ دلمراد کمبوہ) بدین کے قریب آبادگار محمد نواز پرہیاڑ کی زمین پر نجی زرعی کمپنی مڈلینڈ انٹرپرائزز کے زیر اہتمام زمینداروں اور آبادگاروں کو دھان کی بہتر پیداوار دینے والے بیج سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے ایک روزہ سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں علاقے کے زمینداروں اور کسانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے زرعی کمپنی کے بی ایم لوئر سندھ محمد احمد رضا خان، ایریا منیجر بدین آفتاب قادری اور ایریا منیجر گولاڑچی غلام مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے علاقے میں کپتان ون سپر ہائبرڈ رائس، کپتان ڈبل فور اور کپتان ڈبل فائیو کے نام سے دھان کے بیج متعارف کرائے گئے ہیں، جو بہتر پیداوار دے رہے ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ کپتان ون سپر ہائبرڈ رائس کی پیداوار 110 من فی ایکڑ تک حاصل ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ورائٹی کی کاشت پر نسبتاً کم اخراجات آتے ہیں اور یہ فصل کو پتہ لپیٹ سنڈی کے حملے سے محفوظ رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے، جس سے آبادگاروں کو زیادہ فائدہ حاصل ہو سکتا ہے۔اس موقع پر زمیندار حاجی عزیز پرہیاڑ، محمد نواز پرہیاڑ اور عمر پرہیاڑ نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے علاقے میں کپتان ون دھان کے بیج کی کاشت کے تجربات کیے ہیں، جن کے نتائج حوصلہ افزا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ بیج کی کاشت سے کھاد استعمال کیے بغیر بھی بہترین پیداوار حاصل ہوئی، جو آبادگاروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے علاقے کے زمینداروں اور کسانوں پر زور دیا کہ وہ بہتر پیداوار کے حصول کے لیے جدید زرعی طریقوں اور معیاری بیج کے انتخاب کو ترجیح دیں۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایوان صحافت بدین کے صدر حاجی خالد محمود گھمن نے کہا کہ لاڑ کے زمیندار طویل عرصے سے مختلف مسائل کا شکار ہیں۔ پانی کی قلت، معیاری بیج کی عدم دستیابی، غیرمعیاری زرعی ادویات اور فصلوں کے مناسب نرخ نہ ملنے کے باعث آبادگاروں کو مسلسل مالی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آبادگاروں کی خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ انہیں معیاری بیج، جدید زرعی معلومات اور فصلوں کے مناسب نرخ فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہتر پیداوار دینے والی دھان کی اقسام کی کاشت سے لاڑ کے آبادگاروں کو زیادہ پیداوار حاصل کرنے اور اپنی آمدنی میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔سیمینار کے دوران زرعی کمپنی کے نمائندوں نے شرکاء کو دھان کی جدید اقسام، کاشت کے طریقوں اور بہتر پیداوار حاصل کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی، جبکہ زمینداروں اور آبادگاروں نے بھی اپنے زرعی تجربات اور درپیش مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے