ملتان کے قریب رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار، 5 افراد جاں بحق، 30 زخمی
ملتان: کراچی سے پشاور جانے والی مسافر ٹرین رحمان بابا ایکسپریس ملتان کے قریب شیر شاہ اسٹیشن کے آؤٹر سگنل پر حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور کئی بوگیوں کے پہیے بھی الگ ہو گئے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق حادثہ شیر شاہ اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جس کے باعث ریلوے آپریشن متاثر ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں، جبکہ زخمی مسافروں کو متاثرہ بوگیوں سے نکال کر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ملتان سے امدادی ٹرین بھی روانہ کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ متاثرین کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے۔
