نومبر 4, 2026
faiisal-kareem-kundi-

’’پالیسی وفاق سے آئے گی، کابل سے نہیں‘‘ فیصل کریم کنڈی کا دوٹوک اعلان، خیبرپختونخوا میں بڑے اقدامات کا عندیہ

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ صوبے کی پالیسی کا تعین وفاق کرے گا، کابل نہیں، جبکہ دہشت گردی کا خاتمہ، امن کا قیام اور قانون کی بالادستی حکومت کی اولین ترجیحات ہوں گی۔

پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے نفرت اور انتہاپسندی کی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ان پر اعتماد کیا ہے اور وہ صوبے میں امن و امان کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ توڑ پھوڑ اور قانون شکنی کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، جبکہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ ان کے بقول گزشتہ 13 برس کے مسائل اور خرابیوں کو درست کرنا ہے اور وہ تین ماہ میں ایسے کام کرکے دکھائیں گے جو پہلے نہیں ہوسکے۔

سیاسی احتجاج پر بھی سخت مؤقف

فیصل کریم کنڈی نے حالیہ سیاسی احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے گزشتہ دنوں ہونے والے سیاسی تماشے کو مسترد کیا، جس پر وہ عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کرنے والوں کا وہ خود بھی انتظار کرتے رہے، لیکن انقلاب لانے کے دعوے دار گورنر ہاؤس تک نہیں پہنچ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لانگ مارچ کا کنٹینر اب بھی لاوارث پڑا ہے اور انتظار ہے کہ اسے لینے کون آتا ہے۔

گورنر کے پی نے بتایا کہ اسلام آباد میں کنٹینرز ہٹائے جاچکے ہیں اور امید ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھی آئندہ ایک دو روز میں تمام راستے کھل جائیں گے۔

پولیس اور سکیورٹی اداروں کو مضبوط بنانے کا اعلان

فیصل کریم کنڈی نے پاک فوج، پولیس، فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام ادارے ان کی بھرپور حمایت حاصل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد بڑھانا ہے۔ پولیس اہلکاروں کو جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی، خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے برابر لانے کی کوشش کی جائے گی اور شہدا پیکج میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

وفاق سے صوبے کی ضروریات پوری کرنے کی توقع

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے کے عوام حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کی تمام ضروریات پوری کرے گی۔

فیصل کریم کنڈی کے مطابق صوبے کا مستقبل امن، قانون کی حکمرانی اور دہشت گردی کے خاتمے سے جڑا ہے، جبکہ حکومت کی توجہ سیاسی محاذ آرائی کے بجائے عملی اقدامات اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے