حب: پھتر کالونی میں ترقیاتی کاموں کا آغاز، سیوریج سسٹم کی تنصیب جاری
پھتر کالونی کے مکینوں کو گندے پانی، بدبو اور نکاسیٔ آب کے دیرینہ مسائل سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات شروع
حب: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان میر علی حسن زہری کی جانب سے شہر کے گنجان آباد علاقے پھتر کالونی میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا گیا ہے، جہاں علاقہ مکین طویل عرصے سے بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور نکاسیٔ آب کے مسائل کا سامنا کر رہے تھے۔
ترقیاتی منصوبے کے پہلے مرحلے میں سیوریج سسٹم کی تنصیب کا کام جاری ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹف ٹائل، پیور بلاک اور سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر کام کیا جائے گا۔ ان اقدامات کا مقصد علاقے میں نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنانا، گندے پانی اور بدبو کے مسائل پر قابو پانا اور شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اہلِ علاقہ نے ترقیاتی کاموں کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پھتر کالونی کے مکین طویل عرصے سے گندے پانی، بدبو اور دیگر بنیادی مسائل سے دوچار تھے۔ ان کے مطابق ماضی میں بھوتانی برادران کو بارہا ووٹ دیے گئے، تاہم علاقہ مکینوں کے بقول ان کے دیرینہ مسائل حل نہیں ہو سکے۔
علاقہ مکینوں نے میر علی حسن زہری کی جانب سے پھتر کالونی میں ترقیاتی کاموں کے آغاز کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے کی صورتحال بہتر ہوگی اور شہریوں کو گندے پانی اور بدبو جیسے مسائل سے نجات ملے گی۔
اہلِ علاقہ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرکے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور پھتر کالونی کو ایک صاف ستھرا اور بہتر شہری ماحول میسر آئے گا
