بلوچستان حکومت کا عالمی جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس پروگرام کا اعلان
کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت بیرونِ ملک پی ایچ ڈی اسکالرشپس پروگرام کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کو دنیا کی 100 سے زائد ممتاز جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
حکومت بلوچستان کے اعلامیے کے مطابق ہر سال بلوچستان سے 10 باصلاحیت امیدواروں کو دنیا کی معروف جامعات میں پی ایچ ڈی کے لیے اسکالرشپس دی جائیں گی۔ پروگرام کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم اور تحقیق کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں علم و تحقیق کے عالمی منظرنامے پر نمایاں مقام دلانا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی سطح کے پی ایچ ڈی اسکالرشپ پروگرام کے اجرا پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام بلوچستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو دنیا کی بہترین جامعات تک پہنچانے کا سفر شروع ہوچکا ہے اور یہ سفر بلوچستان کے مستقبل کو بدلنے کا سفر ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا نوجوان مواقع کی تلاش میں دنیا سے پیچھے نہیں رہے گا اور دنیا کی بہترین جامعات بلوچستان کے نوجوانوں کا مقدر بنیں گی۔ ان کے مطابق یہ صرف اسکالرشپس نہیں بلکہ بلوچستان کی آنے والی نسلوں کے لیے امید، علم اور ترقی کے نئے دروازے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ علم و شعور اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرکے کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل بندوق تھام کر پہاڑوں میں چھپنے والوں کا نہیں بلکہ کتاب تھام کر دنیا کی ممتاز جامعات میں علم و تحقیق کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے نوجوانوں کا ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت کا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو دنیا کی ممتاز جامعات تک پہنچا کر علم و تحقیق کے عالمی نقشے پر صوبے کو نمایاں مقام دلانا ہے۔
