ویرات کوہلی کا بڑا اعلان
بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی نے واضح کیا ہے کہ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جانے والا 2027 کا 50 اوورز کا ورلڈ کپ بھارت کے لیے ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔ سابق بھارتی کپتان کا کہنا ہے کہ ان کی پوری توجہ اس ٹورنامنٹ میں ٹیم کو کامیابی دلانے اور ورلڈ کپ ٹرافی حاصل کرنے پر مرکوز ہے۔37 سالہ ویرات کوہلی اس وقت بھارتی ٹیم کی نمائندگی صرف ون ڈے فارمیٹ میں کر رہے ہیں۔ وہ اس سے قبل ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔ون ڈے کرکٹ میں کوہلی کا ریکارڈ بھی غیر معمولی ہے۔ وہ 50 اوورز کے فارمیٹ میں 14,941 رنز بنا چکے ہیں اور 54 سنچریوں کے ساتھ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز ہیں۔ ون ڈے رنز کے اعتبار سے وہ بھارت کے لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔کوہلی 2011 میں بھارت کی جانب سے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ تاہم 2023 کے ورلڈ کپ فائنل میں بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 2027 کا ورلڈ کپ ان کا پانچواں ون ڈے ورلڈ کپ ہوگا۔کوہلی نے ہفتے کے روز براڈکاسٹر جیو اسٹار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2027 کا ورلڈ کپ وہ آخری عالمی کپ ہوگا جس میں وہ بھارت کی نمائندگی کریں گے۔ان کے مطابق یہی بات انہیں میدان میں اپنی بھرپور صلاحیتیں استعمال کرنے اور آخری حد تک کوشش کرنے کی تحریک دیتی ہے۔ کوہلی نے واضح کیا کہ ان کا بنیادی مقصد ورلڈ کپ جیتنا ہے اور اس مقصد کے لیے وہ ہر ممکن کوشش کرنے کے لیے تیار ہیں۔اسٹار بیٹر نے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کو کرکٹ کے مشکل ترین چیلنجز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں اس فارمیٹ کے میچز میں بھی ٹی ٹوئنٹی جیسی شدت نظر آتی ہے، جبکہ ایک ٹیم کو ٹورنامنٹ کے دوران تقریباً 10 میچز کھیلنے پڑ سکتے ہیں۔دوسری جانب ویرات کوہلی اور روہت شرما دونوں کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ سیریز کا پہلا مقابلہ اتوار کو ترواننت پورم میں شیڈول ہے۔
