اکتوبر 6, 2026

ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن لسبیلہ اور کیئر لنک ٹرسٹ کے باہمی تعاون سے یونین کونسل سونمیانی کے آفس میں معذور افراد کے لیے مصنوعی اعضا کی فراہمی کا خصوصی کیمپ کا انعقاد

0
winderr-news

وندر۔ ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن لسبیلہ اور کیئر لنک ٹرسٹ کے باہمی تعاون سے یونین کونسل سونمیانی کے آفس میں معذور افراد کے لیے مصنوعی اعضا کی فراہمی کا خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔ کیمپ میں درجن سے زائد معذور افراد کی مصنوعی ٹانگوں کے لیے ناپ اور پیمائش کی گئی ایک ہفتے کے اندر انہیں مصنوعی ٹانگیں فراہم کی جائیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز وندر میں ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن لسبیلہ اور کیئر لنک ٹرسٹ (UK) کے اشتراک سے معذور افراد کی سہولت اور بحالی کے لیے خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں حب وندر اوتھل بیلہ کنراج دریجی سے تعلق رکھنے والے درجن سے زائد معذور افراد نے شرکت کی ۔ کیمپ کے دوران کراچی سے آنے والی ماہر ٹیم کے ارکان ڈاکٹر ظہیر احمد ، اشفاق احمد ، وقار احمد نے معذور افراد کی مصنوعی ٹانگوں کے لیے باقاعدہ ناپ اور پیمائش کی تاکہ ہر فرد کی جسمانی ضرورت کے مطابق مصنوعی ٹانگ تیار کی جاسکے ۔ ناپ اور پیمائش کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایک ہفتے کے اندر تمام معذور افراد کو مصنوعی ٹانگیں فراہم کردی جائیں گی۔ ڈاکٹر اشفاق احمد کیئر لنک یو کے ٹرسٹ کے ممبر کی گفتگو ۔ اس موقع پر ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن لسبیلہ حب کے چیئرمین زاہد مبارک انگاریہ نے کیمپ کے انتظامات کی نگرانی اور معذور افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے ٹیم کے ارکان کے ساتھ امور میں حصہ لیا ۔ زاہد مبارک انگاریہ نے کہا کہ معذور افراد کی بحالی اور انہیں معاشرے میں باعزت زندگی گزارنے کے قابل بنانا فلاحی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے ۔ مصنوعی اعضا کی فراہمی سے مستحق افراد کو نقل و حرکت میں سہولت ملے گی اور ان کی روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا ہوگی ۔ کیمپ کے موقع پر وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر عبدالحمید رونجہ کی جانب سے کراچی سے آنے والی ٹیم کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ۔ اس دوران معذور افراد کی فلاح و بہبود مصنوعی اعضا کی فراہمی اور مستقبل میں فلاحی کاموں کے انعقاد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔کیمپ میں شریک معذور افراد اور ان کے اہلخانہ نے مصنوعی ٹانگوں کی فراہمی کے اقدام کو سراہتے ہوئے ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن لسبیلہ کیئر لنک ٹرسٹ چیئرمین زاہد مبارک انگاریہ اور تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ۔ کیمپ میں چیئرمین یونین کونسل سونمیانی عبدالواحد سوری ، ڈاکٹر غلام قادر دیریہ، عبدالرزاق انگاریہ ، غلام قادر قادر انگاریہ، محمد عیسیٰ واندانی، زبیر بلوچ، تنویر حفیظ ایوبی، رفیق بلوچ ، سیف اللہ آچرہ، نوید بلوچ ، سبحان بلوچ و دیگر نے کیمپ کا دورہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے