اکتوبر 6, 2026

بلوچستان میں نوکریوں کی خرید و فروخت برداشت نہیں ہوگی، وزیراعلیٰ

0
cm-balochistan-

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح اعلان کیا ہے کہ صوبے میں سرکاری نوکریوں کی خرید و فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ نوکریوں میں بے ضابطگی ثابت ہونے پر متعلقہ وزیر اور سیکرٹری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرِ صدارت سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے تمام سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ بلوچستان کے نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار کی فراہمی یقینی بنائیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ روزِ اول سے اس اصول پر قائم ہیں کہ بلوچستان میں کوئی نوکری نہیں بکے گی۔ کابینہ کے اراکین، چیف سیکرٹری اور افسران اس اصولی موقف پر ایک پیج پر ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جس بھی محکمے میں نوکریوں کی خرید و فروخت کے مصدقہ ثبوت سامنے آئے، وہاں متعلقہ وزیر اور سیکرٹری اپنے عہدوں پر نہیں رہیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نوکریوں کی خرید و فروخت کے معاملے میں کسی غلطی کی گنجائش نہیں اور اس پر کوئی معافی نہیں ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ جنگلات میں بھرتیوں کے حوالے سے بے ضابطگی کی شکایات پر اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات اور مصدقہ ثبوتوں کی بنیاد پر جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملوث کردار سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔

اجلاس میں تمام سیکرٹریز سے اللہ کو حاضر و ناظر جان کر حلف بھی لیا گیا کہ وہ بلوچستان کے نوجوانوں کی نوکریاں فروخت نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے افسران کو ماتحت اہلکاروں اور ریکروٹمنٹ کمیٹیوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سطح پر بے ضابطگی قابلِ برداشت نہیں ہوگی۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سردی میں ٹھٹھرتے اور گرمی میں جھلستے بلوچستان کے کسی نوجوان کی نوکری فروخت نہیں ہونے دیں گے۔ نوکریوں کی خرید و فروخت روکنے کے لیے ہر طرح کا دباؤ برداشت کیا جائے گا، تاہم نوجوانوں کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے افسران پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت ہیں اور بلوچستان کو درست سمت میں لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے مطابق میرٹوکریسی قائم کرکے ہی نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال کیا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے