اسلام آباد: سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی صحت مند پاکستان کے حوالے سے اہم تقریب میں شرکت
اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اسلام آباد میں رائل ڈینش سفارتخانے کے زیرِ اہتمام اور نوو نورڈسک کے اشتراک سے منعقدہ ’’صحت مند پاکستان کے لیے مل کر اقدامات‘‘ کے عنوان سے اہم تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں ارکانِ پارلیمنٹ، ماہرین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اہم افراد نے شرکت کی، جہاں پاکستان میں خوراک، غذائیت اور عوامی صحت سے متعلق مسائل، موجودہ چیلنجز اور ان کے مؤثر حل کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے تقریب میں خوراک اور غذائیت سے متعلق پارلیمانی کاکس کے قیام کی مجوزہ تجویز کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا پلیٹ فارم پارلیمان میں غذائیت اور عوامی صحت کے معاملات پر مؤثر مکالمے، قانون سازی اور پالیسی سازی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت مند پاکستان کی تشکیل کسی ایک ادارے یا شعبے کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کے لیے مشترکہ تعاون، درست اور مؤثر پالیسی سازی اور مسلسل عملی اقدامات ضروری ہیں۔ خوراک اور غذائیت کے مسائل براہِ راست عوام کی صحت اور معیارِ زندگی سے جڑے ہوئے ہیں، اس لیے ان پر سنجیدہ اور مستقل توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پارلیمان، حکومت، ماہرین اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون کے ذریعے غذائیت اور عوامی صحت کے شعبوں میں بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے تقریب کو پاکستان میں بہتر صحت، متوازن غذائیت اور عوامی فلاح کے لیے ایک اہم اور مثبت مکالمے کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی مشترکہ کاوشوں کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے
