یوم دفاع پاکستان کے موقع پر محکمہ ریونیو اور میونسپل انتظامیہ کی جانب سے ریلی نکالی گئی
ماتلی: یوم دفاع پاکستان کے موقع پر محکمہ ریونیو اور میونسپل انتظامیہ کی جانب سے ریلی نکالی گئی، جس میں سرکاری افسران، ملازمین، مختلف محکموں کے اہلکاروں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان کی سلامتی و استحکام اور شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر مختیارکار ماتلی معصیب جونیجو، وائس چیئرمین قاضی عبدالوہاب اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر ملکی تاریخ کا اہم دن ہے، جب پاک فوج اور قوم نے وطن کے دفاع کے لیے مثالی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے۔ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ریلی کے اختتام پر شرکاء نے قبرستان پہنچ کر شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
