ستمبر 2, 2026

چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیرصدارت کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کانفرنس، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کا جائزہ

0
cheif-secreatry-balochistan

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرصدارت کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی اہم کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، پرائس کنٹرول، انتظامی امور، میونسپل سروسز، صوبائی محصولات اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق اقدامات کا جامع جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار، رفتار اور عوامی افادیت کی باقاعدگی سے نگرانی یقینی بنائی جائے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائے۔

کانفرنس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے سے 11 لاکھ سے زائد غیرقانونی تارکین وطن کی واپسی عمل میں لائی جا چکی ہے۔ چیف سیکرٹری نے غیرقانونی ناکوں کے خاتمے اور مؤثر کارروائیوں پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کی آمدورفت میں غیرضروری رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

شکیل قادر خان نے کہا کہ کھلی کچہریاں عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کا مؤثر ذریعہ ہیں، اس لیے ضلعی انتظامیہ کھلی کچہریوں کے ذریعے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

انہوں نے ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

چیف سیکرٹری نے صوبائی محصولات میں اضافے کے لیے دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور ٹیکس نیٹ میں توسیع یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیتے ہوئے سرکاری وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنائے۔

کانفرنس میں میونسپل سروسز کی صورتحال بھی زیرِ غور آئی۔ چیف سیکرٹری نے کچرے کی بروقت صفائی، سیوریج اور نکاسیٔ آب کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا اصل معیار یہ ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کس حد تک میسر ہیں اور ان کے مسائل کتنی تیزی سے حل کیے جا رہے ہیں۔

چیف سیکرٹری نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں انتظامی امور کی مؤثر نگرانی، عوامی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے