اگست 29, 2026

ڈام میں دعوت اسلامی کا کشتیوں پر عظیم الشان جلوس میلاد، سمندر کی فضا مرحبا یا مصطفیٰ کے نعروں سے گونج اٹھی

0
daam-eid-miladun-nabi-raily

ڈام: دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام بلوچستان کے ساحلی علاقے ڈام میں کشتیوں پر عظیم الشان جلوسِ میلاد کا انعقاد کیا گیا، جس میں عاشقانِ رسول ﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کشتیوں کو مدنی پرچموں اور دیگر آرائشی اشیا سے سجایا گیا تھا، جبکہ جلوس کے دوران سمندر کی فضا ’’مرحبا یا مصطفیٰ ﷺ‘‘ کے نعروں، درود و سلام اور ذکرِ رسول ﷺ سے گونجتی رہی۔

جلوسِ میلاد میں شریک عاشقانِ رسول ﷺ ہاتھوں میں مدنی پرچم اٹھائے کشتیوں پر سوار تھے اور والہانہ انداز میں آقا کریم ﷺ کی آمد کی خوشی کا اظہار کرتے رہے۔ سمندر کی لہروں کے درمیان کشتیوں پر میلادِ مصطفیٰ ﷺ منانے کا منظر انتہائی ایمان افروز اور دیدنی تھا۔

اس موقع پر سمندر میں ہی مبلغ دعوتِ اسلامی مولانا محمد اکرم عطاری مدنی نے عشقِ رسول ﷺ کے موضوع پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ نبیِ کریم ﷺ سے محبت ایمان کا لازمی حصہ ہے، ہمیں اپنی زندگیوں کو سنتِ مصطفیٰ ﷺ کے مطابق گزارنے اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

جلوسِ میلاد میں دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران، علمائے کرام میں مولانا علی اکبر عطاری مدنی مولانا عبدالرزاق عطاری مدنی مولانا غلام مصطفے عطاری مولانا بشیر احمد عطاری مولانا ندیم عطاری، ساداتِ کرام، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، میڈیا نمائندگان مہر اللہ الفت نصیر احمد لنگاہ حنیف چنا غلام قادر خاصخیلی، ماہی گیروں سمیت حب، وندر، اوتھل اور بیلہ سے آنے والے عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔ شرکاء نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے درود و سلام کی صدائیں بلند کیں۔

جلوس کے اختتام پر صلوٰۃ و سلام پیش کیا گیا اور امتِ مسلمہ، ملک و قوم کی سلامتی، امن و خوشحالی اور تمام مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس خوبصورت اور منفرد انداز میں میلادِ مصطفیٰ ﷺ منانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے روح پرور اجتماعات عشقِ رسول ﷺ کو اجاگر کرنے اور نیکی کی طرف رغبت پیدا کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے