وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی بہادری اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دکی کی ایک اہم شاہراہ ان کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر محکمہ بلدیات و دیہی ترقی نے دکی میں مذکورہ سڑک کو ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے نام سے منسوب کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر نے مشکل حالات میں جس بہادری، عزم اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، وہ بلوچستان کی بیٹیوں کے لیے ایک قابلِ فخر مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہادری، عزم اور انسانیت کی خدمت کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے نام سے شاہراہ منسوب کرنا ان کی بہادری، فرض شناسی اور عوامی خدمات کے اعتراف کی علامت ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر کا حوصلہ اور خدمت کا جذبہ قابلِ تحسین ہے اور ان کی مثال معاشرے کے دیگر افراد، خصوصاً نوجوان خواتین کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوگی۔
