صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور جاری ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور اور بلوچستان کے سابق وزیر میر علی حسن زہری بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے صدر مملکت کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر روابط ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ خصوصی توجہ اور وسائل کا حق دار ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کی جانب سے بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوششیں ہر قیمت پر ناکام بنائی جائیں گی۔
آصف علی زرداری نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان سے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ ہو جائے گا، جبکہ صوبے میں امن، استحکام اور ترقی کا عمل ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔
