اربعین کا جلوس امن، بھائی چارے، مذہبی رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کی علامت ہے. جلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ سندھ
ماتلی : مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ پاکستان کے صدر سید اقتدار حسین نقوی اور مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ سندھ کے صدر سید علی انور جعفری نے ماتلی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو روز بعد اربعین امامِ شہداء حضرت امام حسین کی مناسبت سے ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اربعین منایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال اربعین کے موقع پر بعض شرپسند عناصر جلوسوں کے روٹس میں رکاوٹیں ڈالنے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس سے عزاداروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اربعین کا جلوس امن، بھائی چارے، مذہبی رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کی علامت ہے لہذا تمام مکاتب فکر کو باہمی احترام اور برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرامن ماحول برقرار رکھنے اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کرنا چاہیے۔رہنماؤں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ شرپسند عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور جلوس کے روٹس پر فول پروف سیکیورٹی، مؤثر ٹریفک پلان، صفائی ستھرائی، مناسب روشنی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عزادار اپنے مذہبی فرائض پرامن ماحول میں ادا کر سکیں۔
