کوئٹہ میں حاجی علی مدد جتک کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے احکامات
کوئٹہ، 31 جولائی: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے اپنی رہائش گاہ جتک ہاؤس، آصف آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے اپنے حلقۂ انتخاب کے مختلف علاقوں سے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و شکایات براہِ راست سنیں۔
کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے علاقوں میں درپیش بنیادی مسائل، ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات اور دیگر انتظامی امور سے متعلق شکایات پیش کیں۔ صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے عوامی مسائل کو توجہ سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران سے رابطہ کرکے مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا بروقت حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام کو اپنی شکایات اور مسائل براہِ راست پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ ان کے مسائل کو فوری طور پر متعلقہ اداروں تک پہنچا کر عملی اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔
صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
