اگست 18, 2026

میر علی حسن زہری کا ایک اور عوامی وعدہ وفا ہونے جا رہا ہے

0
meer ali hassan

حب: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر نائب صدر اور ترجمانِ صدرِ پاکستان جناب آصف علی زرداری برائے بلوچستان میر علی حسن زہری کا ایک اور عوامی وعدہ وفا ہونے جا رہا ہے۔ گوٹھ خانقاہ رحیم آباد میں گورنمنٹ پرائمری اسکول کی تعمیر کے لیے زمین کا معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ منصوبے پر باقاعدہ تعمیراتی کام کل سے شروع کیا جائے گا۔

اس عظیم عوامی منصوبے کے لیے مہتممِ اعلیٰ خانقاہ رحیم آباد، مولانا ہادی بخش نے تعلیم دوستی اور خدمتِ خلق کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے گورنمنٹ پرائمری اسکول کی تعمیر کے لیے 600 گز سے زائد قیمتی پلاٹ عطیہ کیا۔ ان کا یہ قابلِ قدر اقدام علاقے کے بچوں کے روشن مستقبل اور فروغِ تعلیم کے لیے ایک تاریخی خدمت ہے، جسے عوام ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھیں گے۔

اس سلسلے میں میر علی حسن زہری کے پرسنل سیکرٹری و ترجمان منور علی خاصخیلی نے کانٹریکٹر نوید الحسن کے ہمراہ مولانا ہادی بخش سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اسکول کی تعمیر، منصوبے کے آغاز اور آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر منصوبے کی کامیابی، علاقے کی خوشحالی، بچوں کے روشن مستقبل اور ملک کی سلامتی کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔

اس موقع پر ضلع ایجوکیشن آفیسر رحیم بلیدی بھی موجود تھے، جنہوں نے اس منصوبے کو علاقے میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

میر علی حسن زہری نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کا قیام ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام سے کیے گئے ہر وعدے کو عملی جامہ پہنایا جائے گا اور ضلع حب میں ترقی و خوشحالی کا سفر اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔

گوٹھ خانقاہ رحیم آباد میں گورنمنٹ پرائمری اسکول کی تعمیر سے نہ صرف مقامی بچوں کو اپنے علاقے میں معیاری تعلیم کی سہولت میسر آئے گی بلکہ والدین کو بھی اپنے بچوں کی تعلیم کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ یہ منصوبہ علاقے میں شرحِ خواندگی بڑھانے، تعلیمی معیار بہتر بنانے اور آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے