اگست 18, 2026

ڈپٹی کمشنر حب کی زیر صدارت اجلاس، کسٹمز کی ضبط شدہ گاڑیاں ہٹانے، چیکنگ سخت کرنے اور ٹریفک مینجمنٹ پلان پر فوری عملدرآمد کی ہدایت

0
Deputy Commissioner Hub chairs a traffic management meeting to address congestion at Hub Bridge.


حب (27 جولائی): ضلع حب میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل، خصوصاً حب پل پر روزانہ لگنے والے طویل ٹریفک جام کے مستقل حل کے لیے ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمع داد خان مندوخیل کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہریوں کو درپیش مشکلات، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور دیرپا حل کے لیے مختلف تجاویز اور عملی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کے تمام فیصلے عوامی شکایات اور شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں تاکہ حب پل پر ٹریفک کی روانی بحال رہے اور شہریوں کو غیر ضروری مشکلات سے نجات مل سکے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حب پل پر ٹریفک جام کے مستقل حل کے لیے ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے رابطے کیے ہیں جبکہ رینجرز حکام کے ساتھ بھی متعدد اجلاس منعقد کیے گئے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کی جانب سے آنے والی ہیوی ٹریفک حب پل اور رینجرز چیک پوسٹ پر ٹریفک کی روانی متاثر کرتی ہے، جس کے باعث روزانہ طویل ٹریفک جام پیدا ہوتا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے اندر ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے پولیس بھوانی کے مقام پر بھاری گاڑیوں کو روک کر شہر میں داخل ہونے سے روکے گی۔ اس کے علاوہ LIEDA اور شہر کی حدود میں داخل ہونے والی دیگر گاڑیوں کی مؤثر نگرانی کی جائے گی، جبکہ سٹی پولیس اسٹیشن کے سامنے خصوصی چیکنگ اور ٹریفک کنٹرول کے انتظامات مزید سخت کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ چیف کلیکٹر کسٹمز اسلام آباد کو باضابطہ مراسلہ ارسال کیا جائے گا، جس میں رینجرز چیک پوسٹ کے قریب مرکزی شاہراہ پر کھڑی کسٹمز کی ضبط شدہ (Seized/Case Property) گاڑیوں کو فوری طور پر منتقل کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ اجلاس کے مطابق یہ گاڑیاں بھی حب پل پر ٹریفک جام کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمع داد خان مندوخیل نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ٹریفک مینجمنٹ پلان پر فوری، مربوط اور مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ حب پل پر ٹریفک جام کے مسئلے کا دیرپا حل نکالا جا سکے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر حب، ڈی ایس پی ٹریفک، ڈی ایس پی حب، چیئرمین میونسپل کمیٹی حب، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی حب، فرنٹیئر کور (ایف سی) کے نمائندے، محکمہ ایکسائز کے نمائندے اور چیئرمین میونسپل کمیٹی گڈانی نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے