اگست 18, 2026

ضلع حب کی ترقی اور نوجوانوں کے روزگار کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، میر علی حسن زہری کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر تیز ہوگا، میر علی اصغر زہری

0
zee

کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر صوبائی نائب صدر اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان میر علی حسن زہری کے پرسنل سیکرٹری میر علی اصغر زہری سے کوئٹہ میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حب کے سینئر رہنما میر سلیم رمضان رند نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ضلع حب کی مجموعی سیاسی صورتحال، سماجی مسائل، جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی، عوامی فلاح و بہبود اور بالخصوص نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر میر سلیم رمضان رند نے ضلع حب کے عوام کو درپیش مسائل، ترقیاتی ضروریات اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میر علی اصغر زہری نے کہا کہ محسنِ حب، قائدِ حب میر علی حسن زہری کی خصوصی کاوشوں اور عوام دوست وژن کے تحت ضلع حب میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ نوجوانوں کو باعزت اور پائیدار روزگار فراہم کرنے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور عوام کی خدمت، علاقے کی ترقی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے، اور اسی سوچ کے تحت ضلع حب میں ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میر علی حسن زہری کی قیادت میں ضلع حب کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے حل اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ پارٹی قیادت عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور مستقبل میں بھی عوامی خدمت کا یہ سفر مزید تیزی سے جاری رہے گا۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں ضلع حب کی ترقی، عوامی فلاح اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے