سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر حملہ ریاست پر حملہ ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا، جبکہ دہشت گردی میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دی جائے گی۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ باقی نہیں رہنے دی جائے گی۔ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع اور تیز کیا جائے گا تاکہ دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں قیامِ امن حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت، عزم اور ریاستی وسائل کے ساتھ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا۔
