وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شمالی ڈیرہ بگٹی کا دورہ، مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اور سرکاری دفاتر کا افتتاح
شمالی ڈیرہ بگٹی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع شمالی ڈیرہ بگٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور نو تعمیر شدہ سرکاری دفاتر کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نئے ضلع شمالی ڈیرہ بگٹی میں سرکاری دفاتر کا قیام عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا فرض سمجھیں، دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی یقینی بنائیں اور مقررہ وقت پر اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر میں اپنے مسائل کے حل کے لیے غیر ضروری انتظار اور مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ افسران کی کارکردگی کا اصل معیار عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ان کے مسائل کا بروقت حل ہے، جبکہ سرکاری مشینری کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متحرک اور جواب دہ ہونا چاہیے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نئے اضلاع میں سرکاری اداروں کو فعال بنانے اور انتظامی امور میں بہتری لانے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ حکومت کی ترجیحات میں عوامی وسائل کا درست استعمال، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔
ترقیاتی منصوبوں کے معائنے کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پانی کے ذخائر اور ڈیمز کی تعمیر کے معیار پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں پانی کے ذخائر کی تعمیر انتہائی اہمیت کی حامل ہے، تاہم ان منصوبوں کے تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیمز کی تعمیر میں معیار کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ یہ منصوبے دیرپا اور عوام کے لیے مفید ثابت ہوں۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ناقص تعمیراتی کام کسی صورت قابل قبول نہیں اور متعلقہ حکام معیار، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی ڈیرہ بگٹی سمیت بلوچستان کے تمام علاقوں میں ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے اور تمام انتظامی و ترقیاتی فیصلوں میں عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے۔
