پشین، قلعہ عبداللہ میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں، 6 ہلاک، 5 گرفتار
کوئٹہ: معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے پشین اور قلعہ عبداللہ میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔
شاہد رند کے مطابق بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشتگرد ہلاک جبکہ 5 کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور دیگر متعلقہ مواد بھی برآمد کیا گیا۔معاون وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ پشین کے کلی سلطان، اژرم، دینار اور گیلو سمیت مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کامیاب کارروائیاں کیں۔ان کے مطابق گرفتار دہشتگردوں سے ان کے نیٹ ورک، سہولت کاروں اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے متعلق اہم معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، جن کی بنیاد پر مزید کارروائیوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔شاہد رند نے بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور باہمی رابطے کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد عناصر، ان کے سہولت کاروں اور معاون ڈھانچے کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عوام کے جان و مال، امن اور سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
