بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی.وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات کے قریب دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے قومی شاہراہ پر عوام کی آمدورفت متاثر کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ کارروائی کے دوران اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی کوششوں کو بھی ناکام بنایا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 گاڑیاں برآمد کی گئیں، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی قبضے میں لیا گیا۔
میر سرفراز بگٹی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت ردعمل کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور قومی شاہراہوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی ادارے پرعزم ہیں۔
