وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی زیرصدارت 12 ربیع الاول کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی انتظامات سے متعلق اجلاس
کوئٹہ: وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی زیرصدارت 12 ربیع الاول کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی انتظامات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت سمیت محکمہ داخلہ کے حکام نے شرکت کی۔
صوبے کے دیگر اضلاع کے تمام ڈی آئی جیز اور کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوسوں، مجالس اور اہم مقامات کی سیکیورٹی سمیت مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے جلوسوں کی گزرگاہوں، مجالس اور دیگر حساس و اہم مقامات پر سیکیورٹی پلان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جبکہ ضلعی سطح پر کیے جانے والے حفاظتی اقدامات بھی زیرغور آئے۔
اس موقع پر وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو باہمی رابطے کے ساتھ سیکیورٹی پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔
