کوسکی کے قریب جت کالونی میں ادریس باجواہ کی زرعی زمین پر کام کرنے والے ہاریوں پر مبینہ حملے کے واقعے کے ملزمان گرفتاری نہ ہونے کے خلاف متاثرہ ہاریوں اور چانڈیا برادری نے احتجاجی مظاہرہ کیا
ماتلی: کوسکی کے قریب جت کالونی میں ادریس باجواہ کی زرعی زمین پر کام کرنے والے ہاریوں پر مبینہ حملے کے واقعے کے ملزمان گرفتاری نہ ہونے کے خلاف متاثرہ ہاریوں اور چانڈیا برادری نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق کوسکی کے قریب جت کالونی میں ادریس باجواہ کی زرعی زمین پر کام کرنے والے ہاریوں پر پانچ روز قبل مبینہ حملے کے واقع پیش آیا۔ واقعے میں لاٹھیوں اور دیگر ہتھیاروں کے استعمال سے 13 ہاری زخمی ہوئے تھے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ایک زخمی کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔ اس موقع پر بھائی خان چانڈیو، دوست محمد چانڈیو اور محمد ہاشم چانڈیو کی قیادت میں احتجاج مظاہرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ علی محمد ملاح، جان محمد ملاح، حنیف ملاح، اصغر ملاح، دودو ملاح اور دیگر افراد نے زمین پر کام کرنے والے ہاریوں پر حملہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ کوسکی تھانے میں درج ہوچکا ہے اور ایف آئی آر درج ہوئے تین روز گزرنے کے باوجود پولیس نامزد ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان مبینہ طور پر آزادانہ گھوم رہے ہیں جبکہ زخمی ہاری اور ان کے اہل خانہ خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔متاثرہ فریق نے مزید الزام عائد کیا کہ انہیں دوبارہ جانی نقصان کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ اگر کوئی شخص زمین پر آیا اس پر دوبارہ حملہ کیا جائے گا۔ متاثرین نے ایس ایس پی بدین اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نامزد ملزمان کو فوری گرفتار، زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔
