حب شہر بنیادی مسائل کی دلدل میں، نیشنل پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، بجلی بحران حل نہ ہوا تو بھرپور احتجاج ہوگا
حب: نیشنل پارٹی تحصیل حب کابینہ کا اہم اجلاس تحصیل صدر عابد ملازئی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس کے مہمانِ خصوصی نیشنل پارٹی ضلع حب کے صدر حاجی عبدالغنی رند و اعزازی مہمان ورکنگ کمیٹی کے ممبر اسد غنی بلوچ تھے۔ اجلاس میں ملکی و سیاسی صورتحال حب شہر کی موجودہ صورتحال، عوام کو درپیش بنیادی مسائل اور خصوصاً بجلی کے بدترین بحران اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ حب شہر اس وقت بنیادی سہولیات کے شدید بحران سے دوچار ہے۔ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی، گیس کے انتہائی کم پریشر، سرِعام منشیات کی فروخت اور بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ حب جیسے اہم صنعتی شہر میں بنیادی سہولیات کی یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، مگر افسوس کہ متعلقہ ادارے عوامی مشکلات کے مستقل حل کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
اجلاس میں بجلی کے بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ عوام سے ہر ماہ بجلی کے بل باقاعدگی سے وصول کیے جاتے ہیں، لیکن دوسری جانب حب کے شہریوں کو مسلسل کئی کئی گھنٹوں بلکہ 24 گھنٹے تک بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شدید گرمی میں بجلی کی عدم دستیابی نے گھروں، کاروبار، دکانوں، صنعتوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
مقررین نے کہا کہ بجلی کا بحران صرف گھریلو صارفین کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ پورے شہر کی معاشی اور سماجی زندگی کو متاثر کر رہا ہے۔ بجلی نہ ہونے کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر، چھوٹے تاجروں کو نقصان اور عام شہری شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ مزید تشویشناک امر یہ ہے کہ ہسپتال جیسے حساس اداروں میں بھی بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی نہیں بنائی جا رہی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی عوامی مسائل پر خاموش نہیں بیٹھ سکتی۔ پارٹی اپنے مرکزی نائب صدر و سابق چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب وڈیرہ رجب علی رند اور ضلعی صدر حاجی عبدالغنی رند کی جانب سے کے الیکٹرک انتظامیہ کو دیے گئے ایک ہفتے کے الٹی میٹم کا انتظار کرے گی۔
نیشنل پارٹی تحصیل حب کابینہ نے واضح کیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر کے الیکٹرک انتظامیہ نے اپنا رویہ درست نہ کیا، بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا اور حب کے عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق بھرپور اور منظم احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ نیشنل پارٹی عوام کے ساتھ مل کر ہر آئینی، جمہوری اور قانونی فورم پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔
اجلاس میں شہر میں منشیات کی سرعام فروخت پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ متعلقہ ادارے منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں، کیونکہ منشیات کی لعنت نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کر رہی ہے۔ اسی طرح پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور گیس کے کم پریشر کے مسئلے کو بھی فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
نیشنل پارٹی تحصیل حب کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حب کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پارٹی اپنی سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ عوام کے بنیادی حقوق اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں پر اپنا جمہوری دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔
اجلاس کی کاروائی تحصیل جنرل سیکرٹری ثناءاللہ مینگل نے انجام دیے، جبکہ تحصیل ڈپٹی جنرل سیکرٹری فہد جلبانی اور رابطہ سیکرٹری میران مگسی سمیت دیگر کابینہ اراکین بھی اجلاس میں موجود تھے۔
نیشنل پارٹی تحصیل حب نے ایک بار پھر واضح کیا کہ عوامی مسائل پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اگر متعلقہ اداروں نے عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا تو نیشنل پارٹی اپنی عوامی جدوجہد کو مزید مؤثر اور منظم بنائے گی۔
