نومبر 1, 2026

بریسٹ کینسر کے خلاف جنگ میں آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج تک رسائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

0
cm-balochistan-

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بریسٹ کینسر سے آگاہی کے ماہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بریسٹ کینسر کے خلاف جنگ میں عوامی آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات تک رسائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خواتین کی صحت کا تحفظ حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص سے علاج کے امکانات بہتر ہو سکتے ہیں، اس لیے خواتین کو چاہیے کہ وہ بیماری کی ممکنہ علامات کو نظر انداز کرنے کے بجائے مستند معالج سے رجوع کریں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق خوف، غلط فہمیوں اور سماجی جھجک کو دور کرنے کے لیے مؤثر آگاہی مہمات چلانا ضروری ہے۔ خواتین اپنی صحت کو ترجیح دیں اور جسم میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں فوری طبی مشورہ حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین تک بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی، اسکریننگ اور علاج کی سہولیات کی رسائی بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ تمام خواتین کو بروقت طبی رہنمائی اور علاج کے مواقع میسر آ سکیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متاثرہ خواتین کو خوف اور تنہائی کا شکار ہونے دینے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں بھرپور سماجی تعاون فراہم کیا جائے۔ اس بیماری کے خلاف مؤثر جدوجہد کے لیے خاندانوں، طبی ماہرین، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

میر سرفراز بگٹی نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا کہ آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج تک بہتر رسائی خواتین کے لیے امید، صحت مند زندگی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے