وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے نوجوان حکمت اللہ کی ملاقات، انسانی جانیں بچانے کی کوشش پر خراجِ تحسین
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے نواں کلی میں تربیتی طیارے کے حادثے کے دوران انسانی جانیں بچانے کے لیے آگے بڑھنے والے نوجوان حکمت اللہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے نوجوان کی بہادری اور جرات کو سراہتے ہوئے حکومت بلوچستان کی جانب سے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے نوجوان حکمت اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسے باہمت نوجوانوں پر فخر ہے، جو مشکل حالات میں انسانی جانیں بچانے کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمت اللہ جیسے نوجوان بلوچستان کے لیے ایک مثالی کردار ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز ملک و صوبے کے تحفظ اور روشن مستقبل کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں۔ حادثے کی جائے وقوعہ پر انسانی جانیں بچانے کے لیے نوجوانوں کا آگے بڑھنا اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ بلوچستان کے عوام اپنی سیکیورٹی فورسز سے محبت کرتے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے والوں کو دیکھنا چاہیے کہ بلوچستان کے عوام اپنی سیکیورٹی فورسز سے والہانہ محبت رکھتے ہیں اور ہر جگہ، ہر حال میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے نوجوان حکمت اللہ کی انسانی ہمدردی، جرات اور جذبۂ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے نوجوان معاشرے کے لیے قابلِ تقلید مثال ہیں۔
