لاڑ کیمپس یونیورسٹی بدین میں ایک روزہ ’’لاڑ ہورائزنز 2026‘‘ کی تقریب منعقد ہوئی
ماتلی (رپورٹ دلمراد کمبوہ) لاڑ کیمپس یونیورسٹی بدین میں ایک روزہ ’’لاڑ ہورائزنز 2026‘‘ کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ و طالبات کی جانب سے مختلف اشیاء پر مشتمل سجائے گئے اسٹالز کا دورہ کیا اور ان کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور تعلیمی سرگرمیوں کو سراہا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر سندھ بھر میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام کیے گئے ہیں۔ لاڑ کیمپس بدین کو مکمل یونیورسٹی کا درجہ دلانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں اور جلد اسے یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا۔ جس سے بدین سمیت لاڑ کے دیگر اضلاع ٹھٹھہ، سجاول اور تھرپارکر کے طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حیدرآباد تعلیمی بورڈ میں طلبہ کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتیوں کا نوٹس لیا گیا ہے جس کے نتیجے میں اس مرتبہ 31 جولائی تک نتائج جاری کیے گئے تاکہ طلبہ مختلف تعلیمی اداروں میں بروقت داخلے حاصل کرسکیں۔محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کسی بھی صورت قبول نہیں اس حوالے سے سندھ اسمبلی سے قرارداد بھی منظور کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدین میں صرف دل کے امراض کے اسپتال ہی نہیں بلکہ میڈیکل کالج سمیت دیگر جدید طبی سہولیات بھی ہونی چاہئیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔ اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں جبکہ بدین میں تعلیمی بورڈ کے دفتر کی تعمیر کا کام بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا تاکہ مقامی طلبہ کو سہولت میسر آسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاڑ کیمپس یونیورسٹی بدین میں طلبہ و طالبات کی محنت سے سجائے گئے مختلف اسٹالز دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی ہے۔ لاڑ کے نوجوان تعلیم کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، جو علاقے کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔
