گورنر بلوچستان کا دہشتگرد حملے کے نتیجے میں میجر عمر ناصر منہاس اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر اظہارِ افسوس
گورنر بلوچستان کا دہشتگرد حملے کے نتیجے میں میجر عمر ناصر منہاس اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر اظہارِ افسوس ۔۔۔۔۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر قسم کی تخریب کاری اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ دہشتگردی محض ایک پرتشدد کارروائی نہیں بلکہ دہشت و وحشت پر مبنی ایک ذہنیت ہے جسکا خاتمہ حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے
کوئٹہ 14 نومبر: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے بلوچستان کے علاقے گردگاپ اور کولپور کے گردونواح میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں میجر عمر ناصر منہاس اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ وطن کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائیگا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ ہر قسم کی تخریب کاری اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی محض ایک پرتشدد کارروائی نہیں بلکہ دہشت اور وحشت پر مبنی ایک ایسی ذہنیت ہے جسکا خاتمہ حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔گورنر مندوخیل نے شہداء کے اہلِ خانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مشکل کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کیلئے ہمت و حوصلہ عطا کرے
