چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کانفرنس، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے فوری حل کی ہدایت
کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی، شہری شکایات کے ازالے اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کے معیارِ زندگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے تمام سرکاری افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کو اپنی ذاتی ذمہ داری سمجھتے ہوئے شفافیت، احساسِ ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں اور ضلعی سطح پر حکومتی اقدامات کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچائیں۔
کانفرنس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیکشن نے مجموعی طور پر 2,935 ترقیاتی منصوبوں میں سے 2,632 منصوبوں کا دورہ کیا ہے، جبکہ تقریباً 90 فیصد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ اسی طرح بلوچستان اسٹریٹجک ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) کے تحت 4,063 منصوبوں کی منظوری دی گئی، جن میں سے 2,181 منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام منصوبوں کو مقررہ مدت اور معیار کے مطابق مکمل کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور صوبے کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔
کانفرنس میں بتایا گیا کہ اکتوبر کے دوران صوبے بھر میں 51 کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں شہریوں کی جانب سے مجموعی طور پر 686 شکایات موصول ہوئیں۔
اس حوالے سے چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان کے ازالے کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا بروقت حل ممکن ہو سکے۔
شکیل قادر خان نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی باقاعدگی سے نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منافع خوری کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
چیف سیکرٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے اضلاع میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کریں اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے انتظامی کوششوں کو مؤثر بنایا جائے۔
کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبے میں گورننس کی بہتری، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ضلعی انتظامیہ اپنا فعال کردار ادا کرے گی۔
