ڈپٹی کمشنر حب کی زیرِ صدارت اجلاس، صفائی ستھرائی، پارکنگ کے مسائل اور انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق اہم فیصلے
حب: ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ریٹائرڈ) جمعہ داد خان مندوخیل کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز اور متعلقہ تحصیلداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال، ڈمپنگ سائٹس کے لیے زمین کی نشاندہی، سوک سینٹر حب میں پارکنگ کے انتظامات، بلدیاتی آمدن میں اضافے اور گڈانی و ڈام میں نئے انتظامی و بلدیاتی یونٹس کے قیام سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر حب نے شہری علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام چیف آفیسرز کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور ہر علاقے کی سطح پر کیے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
ڈمپنگ سائٹس کے قیام کے حوالے سے تمام چیف آفیسرز اور متعلقہ تحصیلداروں کو ہدایت کی گئی کہ تقریباً پانچ ایکڑ اراضی کی نشاندہی کرکے لینڈ لیز پالیسی 2026 کے مطابق موزوں مقامات کی سفارشات پیش کریں، تاکہ کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے مؤثر انتظامات کیے جا سکیں۔
سوک سینٹر حب میں پارکنگ کے مسئلے پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ چیف آفیسر کو ہدایت کی کہ نجی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے لیے پارکنگ ایریا کو فعال بنایا جائے اور پارکنگ اسٹیکرز تیار کرکے ڈی ایس پی حب کے حوالے کیے جائیں، تاکہ پارکنگ کے نظام کو باقاعدہ بنایا جا سکے۔
اجلاس میں بلدیاتی اداروں کی آمدن میں اضافے پر زور دیتے ہوئے تمام چیف آفیسرز کو ہدایت کی گئی کہ متعلقہ قوانین کے تحت ٹیکسز، فیسوں، کرایوں اور دیگر بلدیاتی واجبات کی وصولی کو مؤثر بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی آمدن میں اضافے سے صفائی ستھرائی کے لیے مشینری اور افرادی قوت کی فراہمی سمیت دیگر ضروری شہری سہولیات کی بہتری میں مدد ملے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گڈانی اور تحصیلدار گڈانی کو گڈانی کو سب ڈویژن کا درجہ دینے کے لیے آبادی، رقبے، معاشی صورتحال اور انتظامی ضروریات پر مشتمل جامع تجویز تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر وندر، چیف آفیسر وندر اور تحصیلدار وندر کو موجودہ یونین کونسل سونمیانی اور ملحقہ علاقوں پر مشتمل میونسپل کمیٹی ڈام کے قیام کے لیے آبادی، رقبے، بلدیاتی ضروریات اور دیگر متعلقہ تفصیلات پر مبنی سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں ڈام میں سب تحصیل کے قیام کی تجویز تیار کرنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر وندر اور تحصیلدار سونمیانی کو بھی ہدایات جاری کی گئیں، تاکہ علاقے کے عوام کو ریونیو اور دیگر سرکاری خدمات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے انتظامی ضروریات کا جائزہ لیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر حب نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر سنجیدگی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور مقررہ مدت میں رپورٹس اور سفارشات پیش کی جائیں
