جیلوں میں قیدیوں کو طبی سہولیات سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو
کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت صوبے کی جیلوں میں اصلاحات، انتظامی امور اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہوم حمزہ شفقات، آئی جی جیل خانہ جات عاصم سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبے کی جیلوں میں اصلاحات، انتظامی معاملات اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر جیلوں کے نظام میں بہتری لانے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز اور سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔
وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جیلوں کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور قیدیوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ جیلوں میں قیدیوں کو طبی سہولیات سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔
