سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں جمہوریت، عوامی حقوق اور پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں، میر علی حسن زہری
حب، بلوچستان: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر بلوچستان اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان میر علی حسن زہری نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کارساز پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک دردناک باب ہے، جس میں جمہوریت، عوامی حقوق اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے جدوجہد کرنے والے کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
میر علی حسن زہری نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007ء کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر کراچی میں پیش آنے والے سانحہ کارساز میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ یہ سانحہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جمہوریت کی بحالی اور عوام کے حقِ حکمرانی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آمریت، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جمہوری جدوجہد کا راستہ اختیار کیا اور عوام کے حقوق، آئین کی بالادستی اور پارلیمان کی مضبوطی کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔
میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ پارٹی کی قیادت اور کارکن آج بھی جمہوریت، امن، رواداری، مساوات اور عوامی خدمت کے اصولوں پر کاربند ہیں۔ شہداء کا پیغام ہمیں یہ عزم دیتا ہے کہ ملک میں جمہوری اداروں کو مضبوط، آئین کی بالادستی کو یقینی اور عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے مشن کو آگے بڑھائیں، ملک میں سیاسی برداشت کو فروغ دیں اور ایک ایسے پاکستان کے لیے جدوجہد کریں جہاں امن، انصاف اور جمہوری اقدار کو فروغ حاصل ہو۔
میر علی حسن زہری نے سانحہ کارساز کے تمام شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی
