نومبر 1, 2026

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا دیہی خواتین کی خدمات کو خراجِ تحسین

0
cm-ijlasc

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیہی خواتین بلوچستان کی معیشت، زراعت اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانا اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کا عزم ہے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت بلوچستان خواتین کی معاشی خودمختاری، ہنرمندی اور کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ رائز پروگرام، وومن بازارز اور خواتین کی معاشی خودمختاری کے فنڈ کے ذریعے خواتین کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کاروباری شخصیات کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) لیب اور کاروباری تربیت کے پروگرام بھی اہم اقدامات ہیں، جن کا مقصد خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں معاشی سرگرمیوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دیہی اور دور دراز علاقوں کی خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور مالی وسائل تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے۔ زراعت، لائیو اسٹاک، آبی وسائل کے تحفظ اور پائیدار ذرائع معاش کے فروغ کے ذریعے دیہی خواتین کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری سے خاندان مضبوط اور معاشرہ خوشحال ہوتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے اور ان کی معاشی و سماجی حیثیت بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بااختیار دیہی خواتین ہی خوشحال بلوچستان کی بنیاد ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے