تحصیل ماتلی کے پرائمری اساتذہ نے سروس اسٹرکچر کی بحالی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے محمدی چوک سے ریلی نکل کر ماتلی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ماتلی (رپورٹ دلمراد کمبوہ) تحصیل ماتلی کے پرائمری اساتذہ نے سروس اسٹرکچر کی بحالی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے محمدی چوک سے ریلی نکل کر ماتلی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ریلی میں شریک اساتذہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے۔ماتلی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ شکیل آریسر، عرفان سومرو، علی محمد ترک، انور آریسر، عبدالغفور نوٹکانی، سیف اللہ ٹالپر، محبوب چھلگری اور دیگر نے کہا کہ وہ انتہائی مشکل حالات میں دور دراز علاقوں اور پسماندہ مقامات پر بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔انہوں نے کہا کہ ایس ٹی آر (STR) کے مطابق ان کے ساتھ انصاف نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی انہیں کنوینس الاؤنس دیا جا رہا ہے جس کے باعث اساتذہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کئی سالوں سے خدمات انجام دینے والے ایس سی ایچ ڈی (SCHD) اساتذہ کو مستقل کیا جائے اور انہیں ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ سروس اسٹرکچر بحال کرکے اساتذہ کے تمام جائز مطالبات منظور کیے جائیں تاکہ اساتذہ میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے۔
