ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ماتلی ڈاکٹر راشد نور چنہ نے مختیارکار معصیب جونیجو اور ریونیو عملے کے ہمراہ ماتلی کی مین روڈ اور اسٹیشن روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا
ماتلی (رپورٹ: دلمراد کمبوہ) ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ماتلی ڈاکٹر راشد نور چنہ نے مختیارکار معصیب جونیجو اور ریونیو عملے کے ہمراہ ماتلی کی مین روڈ اور اسٹیشن روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا، جس کے دوران سڑکوں اور راستوں پر قائم عارضی تجاوزات ہٹا دی گئیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اور ریونیو ٹیم نے مختلف بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا۔ سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر اشیاء فروخت کرنے اور دیگر خلاف ورزیوں پر متعلقہ دکانداروں کو مجموعی طور پر تقریبا 35 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ تجاوزات قائم کرنے والوں اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو آئندہ سرکاری احکامات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انتظامیہ نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی اور غیر قانونی تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
