صحت کے شعبے میں اصلاحات کا مقصد بلوچستان کے عوام کو علاج کے لیے دوسرے شہروں کا رخ کرنے سے نجات دلانا ہے .وزیر اعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ: بلوچستان میں صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کے مثبت اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں، جہاں عوام کے ساتھ اراکین صوبائی اسمبلی بھی سرکاری اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات سے استفادہ کر رہے ہیں۔
سول سنڈیمن پروانشنل اسپتال کوئٹہ کے شعبہ امراض قلب میں رکن صوبائی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ کی کامیاب اینجیو پلاسٹی کی گئی۔
علاج کے بعد میر رحمت صالح بلوچ نے سول سنڈیمن پروانشنل اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیاری طبی سہولیات کی دستیابی سے بلوچستان کے عوام کو علاج کے لیے دیگر شہروں کا رخ کرنے کی تکلیف اور اضافی اخراجات سے نجات مل رہی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ہمراہ سول سنڈیمن پروانشنل اسپتال کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے زیر علاج رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ صحت کے شعبے میں اصلاحات کا مقصد بلوچستان کے عوام کو علاج کے لیے دوسرے شہروں کا رخ کرنے سے نجات دلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور علاج کے معیار میں بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بلوچستان کا ہر شہری اپنے صوبے میں بروقت اور معیاری علاج کی سہولت سے مستفید ہو سکے۔
