سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کا کوہاٹ خودکش دھماکہ پر شدید اظہار مذمت
کوہاٹ مسجد دھماکہ انسانیت کے دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی، دہشت گردوں کا انجام قریب ہے، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
عبادت گاہ میں خون بہانے والے درندوں کو قانون کی گرفت سے کوئی نہیں بچا سکتا، ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا عزم
پاکستان کی سلامتی سے کھیلنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی
شہداء کا خون قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا، پاکستان آرمی اور تمام سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں
دہشت گرد معصوم جانیں لے کر قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے
اسلام آباد: سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کوہاٹ پولیس لائنز کے قریب مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبادت کے لیے جمع ہونے والے بے گناہ نمازیوں، پولیس اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے دشمنوں کی انتہائی بزدلانہ اور سفاکانہ کارروائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسجد جیسی مقدس عبادت گاہ میں خون کی ہولی کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے درندہ صفت دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس سیکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور اظہارِ افسوس کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد یہ بات اچھی طرح سمجھ لیں کہ پاکستانی قوم خوفزدہ ہونے والی نہیں۔ پاکستان آرمی سمیت پولیس اور تمام سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں اور ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کے امن، استحکام اور قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ ملکی سلامتی، خودمختاری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کوہاٹ سانحے کے ذمہ داروں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کو ہر صورت بے نقاب کرکے قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جو ہاتھ معصوم پاکستانیوں کے خون سے رنگے گئے ہیں، انہیں قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم عزائم میں ایسی عبرتناک شکست دی جائے گی کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے سے پہلے کئی بار سوچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قوم متحد ہے، ریاست متحد ہے اور سیکیورٹی فورسز متحد ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو کسی دھماکے، کسی سازش اور کسی بزدلانہ کارروائی سے متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا. وہ دن دور نہیں جب پاکستان دشمن عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔
